بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

امن کمیٹی عاشورہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کے قیام کے لیے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کرے، ڈپٹی کمشنر خوشاب

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے ) ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن خوشاب محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر آفس نورپورتھل میں تحصیل امن کمیٹی اور لائسنس داران کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب شائستہ ندیم، اسسٹنٹ کمشنر تحصیل نورپورتھل سعد بن خالد، ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ پولیس تحصیل نورپور تھل خالد محمود خان نیازی، ایس ایچ او تھانہ نورپورتھل انعم سرفراز، سیکیورٹی آفیسرز اور دیگر لاء اینڈ انفوریسمنٹ ایجنسیز کے متعلقین بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

ڈپٹی کمشنر خوشاب نے ممبران امن کمیٹی پر زور دیا کہ عاشورہ ء محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کے قیام کے لیے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں ۔ اس موقع پر ڈی پی او خوشاب شائستہ ندیم نے کہا کہ ہمارا پیارا مذہب اسلام ہمیں آپس میں اخوت و بھائی چارے اور صبر و تحمل کا درس دیتا ہے۔

عاشورہ ء محرم الحرام کے دوران بھائی چارے اورامن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے سب کو بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں محرم الحرام کے دوران خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ دوران اجلاس ممبران امن کمیٹی نے انتظامیہ کو حسب سابق امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

مزید پڑھیے  ڈسٹرکٹ کو آرڈینیشن کمیٹی خوشاب کا اجلاس
Back to top button