بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

قرآن سنت کی سنہری تعلیمات ہمارے لئے مینارہ نور ہیں، ایڈووکیٹ میاں مقصود احمد

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) صدر علماء مشائخ رابطہ کونسل پاکستان ایڈوکیٹ میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ قرآن سنت کی سنہری تعلیمات ہمارے لئے مینارہ ءنور ہیں۔ ان پر مکمل عمل پیرا ہو کر ہی ہم فلاح دارین حاصل کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع خوشاب کے زیراہتمام پیلووینس میں علماء کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی ضلع خوشاب ایڈووکیٹ ملک محمد وارث جسرا نے کی جب کہ نظامت کے فرائض ملک تنزیل الرحمان جسرانےبطریق احسن سرانجام دئیے۔ ایڈووکیٹ میاں مقصود احمد نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ معاشرتی اصلاح و فلاح کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو اس وقت متعدد بحرانوں کا سامنا ہے جماعت اسلامی مولانا سراج الحق کی قیادت میں ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی ۔ صدر علماء مشائخ رابطہ کونسل نے قومی تعمیر و ترقی کے حوالے سے علماء کرام اور مشائخ عظام کی ذمہ داریوں پر تفصیلا” روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی شمالی پنجاب عبدالوہاب خان نیازی اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ مملکت خداداد اسلامی جمہوریہ ءپاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے ہمیں من حیث القوم اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام مسائل کا حل نظام مصطفی ا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہے اور اسلام مکمل ضابطہ ءحیات ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت قومی امنگوں کی ترجمانی کے لیے مثالی کردار ادا کر رہی ہے ۔ قبل ازیں امیر جماعت اسلامی ضلع خوشاب ایڈووکیٹ ملک محمد وارث جسرا نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے صدر علماء مشائخ رابطہ کونسل پاکستان ایڈووکیٹ میاں مقصوداحمد اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی شمالی پنجاب عبدالوہاب خان نیازی کی خصوصی آمد سمیت علماء کنونشن میں شرکت کرنے والے تمام علماءے کرام اور مشائخ عظام کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ علماء کنونشن سے مفتی سلطان محمود، مولانا ظفر، قاری عبدالستار اور ملک ماہلہ خان سمیت دیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا ۔

Back to top button