بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

امریکی ریاست ٹیکساس میں تیز رفتار گاڑی نے 8 افراد کوکچل کر ہلاک کردیا

امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک ڈرائیور نے مائیگرینٹ ایڈ سینٹر کے باہر موجود تارکین وطن پر تیز رفتار گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹیکساس میں ایک تیز رفتار گاڑی ریڈ لائٹ توڑ کر فرار ہو رہی تھی کہ تارکین وطن کی امداد کے لیے قائم کیمپ کے باہر موجود لوگوں پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ وہ ابھی تک اس واقعے کو صرف حادثے کے طور پر ہی دیکھ رہے ہیں، تاہم جائے وقوع پر موجود ایک شخص نے بتایا کہ ڈرائیور نے گاڑی چڑھانے سے قبل لوگوں کی تضحیک بھی کی تھی۔پولیس ترجمان نے کہا کہ صبح تقریباً 8:30 بجے تیز رفتار گاڑی ٹیکساس کے سرحدی شہر براؤنز وِل میں بے گھر لوگوں کی سہولیات کے لیے قائم کیمپ کے باہر موجود لوگوں پر چڑھ گئی۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ واقعے میں 7 افراد ہلاک اور 10 کے قریب زخمی ہوئے جبکہ ایک اور شخص علاج کے دوران ہلاک ہوگیا جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی۔جائے وقوع پر موجود ایک اور خاتون نے کہا کہ واقعہ اچانک رونما ہوا جب ایک خاتون کار پر جارہی تھیں اور ہمیں سڑک سے ہٹنے کے لیے خبردار کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واقعہ پیش آنے کے بعد لوگوں نے ڈرائیور کو پکڑ لیا اور پولیس کے پہنچنے تک اپنی حراست میں رکھا۔ تاہم ڈرائیور پر ڈرائیونگ میں لاپروائی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس نے ابھی تک کار ڈرائیور کی شناخت نہیں کی جبکہ حکام نے واقعے کے حوالے سے تفتیش کا آغاز کردیا ہے تاکہ اس بات کا تعین کیا جاسکے کہ آیا واقعہ کوئی حادثہ تھا یا سوچ سمجھ کر کیا گیا۔

Back to top button