بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

خوشاب کا خوبصورت سیاحتی مقام کٹھہ مصرال

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) خوشاب کا علاقہ جہاں تاریخی و جغرافیائی لحاظ سے منفرد مقام رکھتا ہے وہاں سیاحتی لحاظ سے بھی یہاں کے متعدد مقامات اہمیت کے حامل ہیں۔ انہی خوبصورت مقامات میں سے ایک مقام جنت نظیر وادی ء کٹھہ مصرال کا ہے۔ ضلع خوشاب میں بے شمار ایسے تاریخی اور سیاحتی مقامات موجود ہیں جو ابھی تک سیاحوں سے اوجھل ہیں۔ کٹھہ مصرال کی وادی میں قدرتی چشمہ ء آب، پیر سید مقصود علی شاہ کا ڈیرہ آستانہ ء عالیہ کوٹ گلہ شریف، ہندووں کے مندر ، ہندووں کا مٹی کا مجسمہ جس کو مقامی زبان میں ہاتھی کہتے ہیں اور ایک خوبصورت آبشار جو فور سیٹ میں موجود ہے یہاں کے مشہور مقامات ہیں ۔ خوشاب شہر سے تقریبا 26 کلومیٹر کی مسافت پر سالٹ رینج کے ایریا دامن مہاڑ میں یہ خوبصورت وادی کٹھہ مصرال میں واقع ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گیارہویں صدی میں راجہ مصر جنجوعہ نے اسے آباد کیا تھا ۔ایک اندازے کے مطابق کٹھہ مصرال کی اس وقت آبادی تقریبا پانچ ہزار نفوس پر مشتمل ہے ۔ جس میں 92 فیصد جنجوعہ راجپوت ہیں۔ اس خوبصورت جنت نظیر وادی میں بے شمار ایسے تاریخی مقامات موجود ہیں جو ابھی تک سیاحوں کی نظروں سے اوجھل ہیں ۔ یہاں پر بزرگ سلطان مہدی کا چشمہ ء آب شفاف پانی کے ساتھ پہاڑوں سے ہوتا ہوا کٹھہ مصرال شہر میں داخل ہوتا ہے۔ جو لوگوں کی خصوصی توجہ کا محور و مرکز ہے ۔یہاں کی پن چکی بھی بہت مشہور ہے ۔ کٹھہ مصرال کی وادی میں قلعہ شیر شاہ سوری بھی موجود ہے جس کو مقامی زبان میں پکا کوٹ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ یہاں کا نمکین چشمہ ءآب بھی مشہور ہے ۔اس خوبصورت وادی کو دیکھنے کے لیے پاکستان کے مختلف علاقوں سے لوگ سیر و تفریح کے لئے آتے ہیں اور مشہور تاریخی مقامات کا وزٹ کرکے خوب محظوظ ہوتے ہیں ۔ کٹھہ مصرال کی آبادی کی مزید خوبصورتی کے لئے اقدامات کر کے اسے جنت نظیر وادی میں لوکل سیاحت کو فروغ دیا جاسکتا ہے ۔

Back to top button