بسم اللہ الرحمن الرحیم

حادثات و جرائم

بلوچستان کے محکمہ سی ٹی ڈی کے ایس ایچ او بم دھماکے میں جاں بحق

بلوچستان کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ایس ایچ او شربت خان عمرانی خضدار قومی شاہراہ میڈیکل کالج کے نزدیک دھماکے میں جاں بحق ہوگئے۔ایس ایس پی خضدار فہد کھوسہ نے بتایا کہ ایس ایچ او خضدار انسپکٹر شربت خان عمرانی گھر سے دفتر کی طرف جا رہے تھے کہ خضدار قومی شاہراہ کے قریب ان کی گاڑی میں دھماکا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایچ او خضدار شربت خان عمرانی دھماکے کے بعد موقع پر دم توڑ گئے تھے۔ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوع پر پہنچ گیا اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے میں جاں بحق انسپکٹر کا جسد خاکی خضدار ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ 10 اکتوبر کو کوئٹہ میں پولیس موبائل کے قریب دو دھماکے ہوئے تھے اور اس کے نتیجے میں 2 اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے تھے۔

سول ہسپتال کوئٹہ کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ نے جاں بحق اور زخمی شہریوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک کم سن بچی بھی شامل ہے۔

مزید پڑھیے  رینجرز سندھ اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث 3 ملزمان گرفتار
Back to top button