بسم اللہ الرحمن الرحیم

حادثات و جرائم

اے این ایف کی ملک بھر میں کارروائیاں، 36.8 کلوگرام منشیات برآمد، 3 منشیات فروش گرفتار

انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں تین کامیاب کارروائیوں کے دوران تین منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا، جبکہ 36.8 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی، جن کی مالیت 33 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔

اے این ایف کے ترجمان کے مطابق بین الاقوامی سطح پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنانے کے لیے کراچی میں شاہراہِ فیصل پر واقع ایک کوریئر آفس میں کارروائی کی گئی۔ اس دوران آسٹریلیا بھیجے جانے والے ایک پارسل کی تلاشی لینے پر جوتوں کے اندر مہارت سے چھپائی گئی 210 گرام افیون برآمد کر لی گئی۔

ایک اور کارروائی میں کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی، جس کے دوران 16.8 کلوگرام چرس اور 3 کلوگرام آئس (کرسٹل میتھ) برآمد کی گئی۔ کارروائی کے دوران تین منشیات فروشوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

دوسری جانب ضلع مانسہرہ میں بالاکوٹ روڈ کے قریب ایک موٹر سائیکل سے 16.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ (CNSA) 1997 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button