بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

کم ترقی یافتہ ممالک کے قرض کی شرائط آسان کرنا ہوں گی، وزیراعظم

دوحہ میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام کم ترقی یافتہ ممالک کی کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات نے کم ترقی یافتہ ممالک کو بہت متاثر کیا۔

انہوں نے کہا کہ سب کو مل کر کم ترقی یافتہ ملکوں کے عوام کی ترقی کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ کہ پاکستان دوحہ پروگرام آف ایکشن کےنفاذ کی بھرپور حمایت کرتا ہے، کم ترقی یافتہ ممالک کے قرض کی شرائط آسان کرنا ہوں گی، ان ملکوں کو جدید ٹیکنالوجی میں مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے قطرکی طرف سے اس کانفرنس کے انعقاد کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ کم ترقی یافتہ ممالک میں صحت، تعلیم اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری اور ایجنڈا 2030 پر عمل درآمد اور پائیدار ترقیاتی اہداف کےحصول کیلئے وسیع وسائل کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کئی کم ترقی یافتہ ممالک کو  قرضوں کے باعث خطرات کاسامنا ہے، پوری دنیا میں لوگوں کی بڑی تعداد کو غربت اور غذائی قلت کا سامنا ہے، کم ترقی یافتہ ممالک کیلئے قرض کی شرائط کو  آسان کرنا چاہیے اور عوام کو سماجی تحفظ کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہیے۔

Back to top button