بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عدالت عمران خان کو بلاتی ہے اور وہ کہتا ہے عدالت میرے پاس آئے، سراج الحق

 امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ صدر پی ٹی آئی کا، وزیر اعظم مسلم لیگ (ن) کا اور وزیر خارجہ پیپلز پارٹی کا ہے، سب موجیں کر رہے ہیں۔بھلوال میں گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ عدالت عمران خان کو بلاتی ہے اور وہ کہتا ہے عدالت میرے پاس آئے، وی آئی پی چاہتے ہیں کہ عدالت ان کے حجرے میں لگے، موجودہ حکمرانوں کو نہ دین کا پتہ نہ دنیا کا، ہمارے آس پاس کے تمام ممالک کی معیشت بہتر ہے، قرضہ لیا مسلم لیگ، پی پی اور پی ٹی آئی نے انہیں سے واپس لیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کشمیر پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے بیچا، ٹرانس جینڈر کا بل تمام جماعتوں نے مل کر منظور کیا، جنرل باجوہ نے ایکسٹینشن مانگی تو جماعت اسلامی کے سوا سب نے ساتھ دیا، کل کا وزیر اعظم کہتا تھا سکون قبر میں ہے، اب کا وزیر اعظم ایک وقت کی روٹی کی تلقین کرتا ہے، ہم نہ زمین پر ہیں نہ آسمان پر، ساری دنیا میں ترقی ہو گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک محترمہ کہتی ہے میری حکومت نہیں، میری حکومت تب ہو گی جب میرے والد کی حکومت ہو گی، بھلوال شہر کھنڈر میں تبدیل ہو چکا، عوام نے پی ٹی آئی مسلم لیگ اور پی پی کا ساتھ دیکر دیکھ لیا اب جماعت اسلامی کو موقع دیں، پی ٹی ائی والے کہتے ہیں الیکشن ہوں، انہوں نے ابھی تو عثمان بزدار کو چن کر عوام مسلط کیا تھا۔

سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک کارٹون قسم کا وزیر اعلیٰ بنایا، عمران جسے سب سے بڑا ڈاکو کہتا تھا اسے بھی وزیر اعلیٰ بنا دیا، شہباز شریف جس کا پیٹ پھاڑنا چاہتا تھا اب اسی کے ساتھ حکومت کر رہا ہے، حکمران طبقہ خود کو برہمن اور ہمیں شودر سمجھتا ہے، الیکشن تک ہم سب کو مہم کے طور پر آگے بڑھنا ہے۔

Back to top button