بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عمران خان کا بنیادی ایجنڈا ملک میں افراتفری پھیلانا ہے، رانا ثنا اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے چیئرمین عمران خان کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ جیل بھرنے کی تحریک شروع کرو تمہیں ایسا جواب دیں گے جو تمہارے گمان میں نہیں ہو گا۔

راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا ہم انتخابات سے گھبرانے والے نہیں ہیں، مسلم لیگ ن الیکشن کے لیے مکمل طور پر تیار ہے لیکن ملک میں الیکشن ایک ہی وقت پر ہونے چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا ن لیگ اور نواز شریف نے ملک کو پہلے بھی بحرانوں سے نکالا، ملک کو جو مشکلات ہیں نواز شریف کی قیادت میں ن لیگ ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔

عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن پنجاب کا کہنا تھا عمران خان کا بنیادی ایجنڈا ملک میں افرا تفری اور انارکی پھیلانا ہے، یہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے لیکن ہم نہیں چاہتے عمران خان کو ملک میں افراتفری اور انارکی پھیلانے کا کوئی مزید موقع ملے، ایک طرف جیل بھرو تحریک کا کہتا ہے اور خود بنکر میں چھپا بیٹھا ہے، جیل بھرو تحریک شروع کرو ایسا جواب دیں گے جو تمہارے گمان میں نہیں ہو گا، ہم جیلوں میں ان کو رکھیں گے جو ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں، ورکرز کو نہیں عمرانی ٹولے کے ان بدبختوں کو جیل میں رکھیں گے جو ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

صدر مملکت کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر دستخط نہ کرنے کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ صدر کی شکل ایسی مسکین ہے کہ اسے دیکھ کر لگتا ہے بھیک مانگے گا، صدر عارف علوی نے آرڈیننس پر دستخط اسی لیے نہیں کیے کہ آئی ایم ایف سے پاکستان کی ڈیل نہ ہو۔

Back to top button