بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

ریسکیو آفس خوشاب میں حمدو نعت اور سیرت النبیﷺ کے حوالے سے تقریب کا اہتمام

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) سیکرٹری/ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ستارہ ء امتیاز ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایات پر ماہ ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو خوشاب انجینئر حافظ عبدالرشید کی زیر نگرانی ریسکیو آفس میں حمدو نعت اور سیرت النبیﷺ کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔جس میں ریسکیو افسران،ریسکیو عملہ اور ریسکیو رضاکاروں نے بھرپور شرکت کی۔ سیرت النبی ﷺ کے حوالے سے منعقدہ تقریب کا باقاعدہ آغاز کلام پاک سے ہوا ۔ ریسکیور حافظ خرم شہزاد اور محمد حمزہ نے تلاوت قرآن پاک اور عمران مصطفی ا،اللہ بخش اور آصف حسین نے حمدونعت جبکہ کنٹرول روم انچارج محمد شکیل اور اسٹیشن کوآرڈینیٹر تصدق حسین نے سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر انجینئر حافظ عبدالرشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شعوری انقلاب سے لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کر دیا، فہم و ادراک اور عشق نبیﷺ سے مزین ہو کر دنیا میں کامیابی اور فتوحات حاصل ہوئیں، نبی کریم ﷺ کے عظیم کردار سے باطل قوتیں زیر ہوئیں اور آپ ؐ کی تعلیمات عالمِ انسانیت کے لئے سرفرازی اور فلاح دارین کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپؐ کی تعلیمات پر سچے دل سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سیرت النبی ﷺ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے مخلوق خدا کی خدمت کریں، شکستہ دلوں کو حوصلہ دیں،دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم لگائیں ، انہوں نے کہا کہ ریسکیو عملہ جہاں ایک با عزت روزگار حاصل کررہاہے وہاں اس کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کی دن رات خدمت کر کے ڈھیروں نیکیاں کما رہا ہے ۔ عشرہ ء رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کر کے ڈھیروں نیکیاں کمانے کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو پیغام دیا کہ ہم آقا دو جہاں حضرت محمد ؐ سے اپنی جان سے بڑھ کر پیار کرتے ہیں۔ عشرہ رحمت اللعالمین کی پروقار تقریب کے اختتام پر ملک و قوم اور امت مسلمہ کی تعمیروترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔

Back to top button