بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

نائیجیریا میں مسلح ڈاکوئوں کا مسجد پر حملہ، 15 نمازی جاں بحق

نائیجیریا کے شمال مغربی ریاست زمفرا کے علاقے رووان جیما ٹاؤن کی ایک مقامی جامع مسجد پر مسلح ڈاکوؤں نے حملہ کر کے 15 افراد کو قتل کر دیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی ایک خبر کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح ڈاکوؤں نے مسجد میں گھس کر اندھادھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں مسجد میں موجود 15 نمازی جاں بحق ہو گئے اور کئی زخمی ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق شہریوں کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت پولیس کو فوری اطلاع دی گئی تھی تاہم پولیس کی جانب سے بروقت کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے ڈاکوؤں کو 21 ہزار ڈالر، پیٹرول اور سگریٹ دیے گئے تھے تاکہ وہ اس شہر کو بخش دیں تاہم ڈاکوؤں نے شہر کی مسجد پر حملہ کرکے بے گناہ افراد کو قتل کر دیا اور پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران شمال مغربی نائیجیریا کے مختلف شہروں میں ڈاکو راج نے دہشت پھیلائی ہوئی ہے اور اس دوران ہزاروں شہریوں کے اغوا برائے تاوان سمیت سیکڑوں لوگوں کو قتل کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ نائیجیرین عسکری حکام کی جانب سے کچھ دن قبل ڈاکوؤں کے خلاف فوجی آپریشن اور بمباری کے پیش نظر شمال مغربی ریاست زمفرا سمیت دیگر 2 ریاستوں میں عوام کو جنگل سے ملحقہ علاقے خالی کرنے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔

Back to top button