بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاک فضائیہ کیلئے امریکی محکمہ خارجہ سے بڑی خبر آگئی

امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کو ’ایف 16‘ طیاروں کے آلات و سامان کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی جس کی مالیت 45 کروڑ ڈالر ہے۔

ایک ٹوئٹ کے ذریعے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ ’امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو پاک فضائیہ کے ایف-16 طیاروں کے بیڑے کے لیے متعلقہ آلات اور سامان فروخت کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے‘۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان کی جانب سے ماضی کی طرح ایف-16 طیاروں کی دیکھ بھال اور معاونت کو برقرار رکھنے کی درخواست کی گئی تھی‘۔

تاہم اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ ’اس ممکنہ فروخت میں طیارے میں کوئی نئی صلاحیت، ہتھیار یا گولہ بارود شامل نہیں ہے‘۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ’یہ مجوزہ فروخت امریکا کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے مقاصد کی حمایت کرے گی تاکہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں اور مستقبل کی ہنگامی کارروائیوں کی تیاری میں امریکا اور اتحادی افواج کا باہمی تعاون حاصل رہے‘۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’یہ ممکنہ فروخت پاکستان کے ایف-16 فضائی بیڑے کی دیکھ بھال جاری رکھنے میں مدد کرے گی جس سے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں فضا سے زمین پر مار کرنے کی صلاحیت کو مزید بہتر کیا جائے گا‘۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ ’اس مدد اور سازوسامان کی ممکنہ فروخت سے خطے میں بنیادی عسکری توازن میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی‘۔

Back to top button