بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

کارکن تمام کام چھوڑ کر سیلاب متاثرین کی مدد میں لگ جائیں،نواز شریف

مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپیل کی ہے کہ تمام صاحب حیثیت لوگ سیلاب متاثرین کی مدد کریں،  یہ  وقت سیاست کا نہیں متاثرین کی امداد  اور ان کے  زخموں پر مرہم رکھنے کا ہے۔

 سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے  براہ راست خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پارٹی کے تمام اراکین اسمبلی اور کارکن تمام کام چھوڑ کر سیلاب متاثرین کی مدد میں لگ جائیں،اپنی تمام تر صلاحیتیں سیلاب متاثرین کے لیے لگا دیں۔

 نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو شاباش دیتا ہوں کہ وہ سیلاب متاثرین کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں، مریم نواز بھی امدادی کاموں کا جائزہ لینے جا رہی ہیں، مریم نوازسیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی، شہباز شریف اور مریم نواز قوم کے ساتھ مل کر دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامیں گے، متاثرین کو  تنہا  نہیں چھوڑیں گے، یہ وقت سیاست کا نہیں متاثرین کی امداد  اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کا ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  یہ اپنے اعمال کا جائزہ لینا کا موقع ہے، بلاشبہ سیلاب بہت بڑی قدرتی آفت ہے، سیلاب سے ہزاروں افراد لقمہ اجل اور لاکھوں بےگھر ہوچکے ہیں، یہ وقت کوئی اورکام کرنے کا نہیں متاثرین کی مدد کا وقت ہے، متاثرین کی دل کھول کر امداد کریں۔

 نواز شریف نے اپیل کی کہ متاثرین سیلاب کے لیے کیمپس لگائے جائیں، متاثرین کو خیمے فراہم کیے جائیں، پریشان حال لوگ آپ کی امداد کے منتظر ہیں، سیلاب نے بڑے پیمانے  پر تباہی مچائی ہے، قوم سے اپیل ہے کہ آپ بھی آگے بڑھیں اور سیلاب متاثرین کی بھر پور مدد کریں۔

Back to top button