بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

نقاب پوش شخص کی سڑک کنارے سونے والوں پر فائرنگ،2ہلاک

امریکا  کے 2 مختلف شہروں میں گزشتہ9 دنوں میں ایک ہی شخص نے 5 بار رات کو سڑک پر سونے والے افراد پر گولیاں چلادیں جس کے نتیجے میں 2 افراد جان سے گئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی میں ایک نقاب لگائے شخص نے پستول کی مدد سے  سڑک پر سونے والے افراد پر 5 بار حملہ کیا جس کی نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

واشنگٹن ڈی سی پولیس ڈپارٹمنٹ کاکہنا ہے کہ  ملزم کی جانب سے ایک شخص کو 3 مارچ جبکہ دوسرے کو 8 مارچ کو  آدھی رات کے وقت گولی ماری گئی تاہم وہ صرف زخمی ہوئے۔

بعد ازاں  ایک دن بعد پولیس کو شہر میں خیمے میں آگ لگنے کی اطلاع ملی ،جب پولیس حکام پہنچے تو دیکھا کہ وہاں ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

دوسری جانب نیویارک میں ایک نقاب پوش مشتبہ شخص نے صبح سویرے  سڑک پر سوئے ہوئے ایک شخص کو گولی مار دی۔

نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی چیف ہانک سوٹنر نے ایک نیوز کانفرنس میں کہاکہ  متاثرہ شخص جس کے بازو میں گولی لگی تھی چلانے لگا جس کے بعد ملزم فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق تقریباً ایک گھنٹے بعد اسی شخص نے سڑک پر سوئے ہوئے ایک اور شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق دونوں شہر میں حملے کرنے والا شخص ایک ہی ہے جبکہ حملوں سے واضح ہوتا ہے کہ اس شخص نے صرف بے گھر افراد کو اپنا نشانہ بنایا ہے۔

رپورٹس کے مطابق واشنگٹن ڈی سی کی پولیس ملزم کی گرفتاری میں مدد کرنے والے کیلئے 25 ہزار امریکی ڈالرز انعام کی پیشکش کر رہی ہے  جبکہ نیویارک  پولیس کی جانب سے 10 ہزار ڈالرز انعام رکھا گیا ہے۔

Back to top button