بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پی ٹی آئی نے احمد جواد کی پارٹی رکنیت ختم کردی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قیادت پر تنقید اور  پی ٹی آئی دور حکومت میں ارب پتی بننے والوں کے نام سامنے لانے کے اعلان کے بعد احمد جواد کی پارٹی رکنیت ختم کردی گئی۔

تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کی پارٹی رکنیت قیادت کےخلاف بے بنیاد الزامات لگانے کی وجہ سے ختم کی گئی ہے۔

سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف احمد جواد کی پارٹی قیادت کیخلاف بیانات کو بنیاد بناکر  تحریک انصاف کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب نے احمد جواد کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ صادر کردیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ احمد جواد کو صفائی کا موقع دیتے ہوئے 12 اور 19 جنوری کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کیے گئے، احمد جواد نے اپنی صفائی پیش کرنے کی بجائے الزامات کی نئی فہرست قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب کو بھجوائی۔

شواہد اور احمد جواد کے تحریری جواب کی روشنی میں ان کی بنیادی جماعتی رکنیت کے خاتمے کا متفقہ فیصلہ دو رکنی کمیٹی نے سنایا۔

احمد جواد نے فیصلے پر ردعمل میں کہا کہ کاغذ کے ایک ٹکڑے کی حیثیت ایک گندے کاغذ سے زیادہ نہیں، گندگی کا ڈھیر جو تبدیلی کے نظریے پر شروع ہوا، ایک دھوکا ہے جس نے قوم کی دو دہائیاں ضائع کیں، آپ کھلی آنکھ سے سخت ترین راستے پر چل سکتے ہِیں، بند آنکھوں کے ساتھ سیدھے راستے پر بھی گر جائیں گے۔

Back to top button