بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پریانتھا کمارا کے قتل کو یوٹیوب پر صحیح کہنے والے محمد عدنان کو سزا سنا دی گئی

گوجرانوالہ کی ایک عدالت نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل کے واقعے کو سوشل میڈیا پر درست قرار دینے والے ایک شہری کو سزا سنائی ہے۔

اس مقدمے کی سماعت شہر میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں کی گئی جہاں قتل کے مرکزی کیس کی سماعت بھی الگ سے کی جارہی ہے۔

استغاثہ کے مطابق مجرم محمد عدنان نے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے قتل کو درست قرار دے کر سوشل میڈیا پر اس کی تشہیر کی تھی جبکہ مقدمے کی سماعت کے دوران انھوں نے عدالت میں اعتراف جرم بھی کر لیا تھا۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جج نتاشہ نسیم سپرا نے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو ایک سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ کی ایک فیکٹری میں بطور مینیجر کام کرنے والے پریانتھا کمارا کو ایک مشتعل ہجوم نے توہین مذہب کے الزام میں تشدد کر کے ہلاک کرنے کے بعد ان کی لاش کو آگ لگا دی تھی۔

Back to top button