بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

این اے 133 انتخابی مہم، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ن لیگ ارکان کو نوٹس

الیکشن کمیشن نے این اے 133 کی انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر (ن) لیگ کے ارکان کو نوٹس جاری کردیے۔

الیکشن کمیشن نے لاہور کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں چلائی جانے والی انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر لیگی ارکان سے وضاحت طلب کی ہے اور انہیں 18 نومبر تک جواب دینے کا حکم دیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار شائستہ  پرویز ملک کی انتخابی مہم چلانے  پر 3 ارکان اسمبلی کونوٹس جاری کیے۔

ترجمان نے بتایا جن افراد کو نوٹس جاری کیے گئے ان میں شائستہ پرویز ملک کے بیٹےایم این اے علی پرویز ملک، ایم پی اے خواجہ عمران نذیراور ایم  پی اے رمضان صدیق شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ  ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نےتینوں کو 18 نومبر کو وضاحت کے لیے طلب بھی کیا ہے۔

Back to top button