بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

سکاٹ لینڈ کو بھی شکست،پاکستان گروپ میچوں میں واحد ناقابل شکست ٹیم

مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے اپنے آخری گروپ میچ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو بھی شکست دے دی۔ 

واضح رہے کہ پاکستان رواں ایونٹ کے دوران گروپ اسٹیج میں واحد ناقابلِ شکست ٹیم ہے۔

پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو جیت کے لیے 190 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں اسکاٹش ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز ہی بناسکی۔

Image

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستانی بلے بازوں نے پہلے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور اننگز کے ابتدائی 10 اوورز میں 60 رنز بنائے۔

لیکن اس کے بعد قومی بیٹرز نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف لاٹھی چارج کرتے ہوئے اگلے 10 اوورز میں 129 رنز بنائے۔ 

پہلے محمد رضوان اور بابر اعظم، پھر بابر کے ساتھ محمد حفیظ، اس کے بعد کپتان کا ساتھ شعیب ملک نے دیا۔

بابر اعظم 66 رنز بنا کر نمایاں رہے ساتھ میں محمد رضوان نے 15 اور محمد حفیظ نے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔

اننگز کے اختتامی لمحات میں شعیب ملک نے دھواں دھار بلے بازی کرتے ہوئے 18 گیندوں پر نصف سنچری جڑ دی۔

یہ کسی بھی پاکستانی کی جانب سے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری تھی۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے کریس گریوز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک ایک وکٹ صفیان شریف اور حمزہ طاہر نے لی۔

ہدف کے تعاقب میں قومی بولرز نے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو 117 تک محدود رکھا جس کے ساتھ ہی قومی ٹیم نے یہ میچ 72 رنز سے جیت لیا۔ 

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے رچی بیرنگٹن 54 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر نمایاں رہے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردی نہیں دکھا سکا۔ 

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین آفریدی، حسن علی اور حارث رؤف کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

شعیب ملک کو دھواں دھار بیٹنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Back to top button