بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

کیا وسیم خان انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بننے والے ہیں؟

ایک برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق وسیم خان انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے عہدے کیلئے ممکنہ امیدواروں میں سے ایک ہیں۔وسیم خان نے گزشتہ دنوں چیف ایگزیکٹو پی سی بی کے عہدے سے استعفی دیا تھا، خبر میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ وسیم خان کو ایک اور انٹرنیشنل کرکٹ بورڈ سے بھی آفر ہے تاہم پی سی بی کے سابق سی ای او انگلینڈ میں قیام کو ترجیح دیں گے۔واضح رہے کہ وسیم خان کو دسمبر 2018 میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایم ڈی اور بعد میں سی ای او مقرر کردیا گیا تھا ۔

اس سے قبل وہ انگلینڈ میں لیسٹرشائر کائونٹی کے سی او او کے ساتھ ساتھ انگلینڈ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری کیلئے بنائے جانیوالے ورکنگ گروپ کے بھی سربراہ تھے۔ان کی پاکستان آمد کے موقع پر بھی برطانوی میڈیا میں کہا جارہا تھا کہ وسیم خان ایک روز انگلینڈ میں اہم ذمہ داریوں کیلئے واپس آسکتے ہیں، اس حوالے سے وسیم خان نے کہا کہ انہوں نے یہ باتیں صرف سوشل میڈیا پر سنی ہیں، وہ فی الحال پاکستان میں ہیں ، برطانیہ روانگی چند دنوں بعد شیڈولڈ ہے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر دبا کے باعث انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین آئن واٹمور مستعفی ہوگئے تھے۔برطانوی میڈیا کے مطابق آئن واٹمور نے اپنی مدت ملازمت پوری ہونے سے قبل ہی عہدے سے استعفی دیا۔بتایا گیا ہے کہ ان کے عہدے کی مدت پانچ برس تھی جبکہ وہ اس عہدے پر صرف 10 ماہ ہی فائز رہے۔برطانوی میڈیا کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی کی وجہ سے آئن واٹمور دبا کا شکار تھے۔

Back to top button