بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان افغان مہاجرین کی نئی لہر کو قبول کرے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ افغانستان سے مہاجرین کی نئی لہر کو قبول کرے اور امکان ظاہر کیا کہ اگر ان پناہ گزینوں کو دستاویزات کی کمی کی وجہ سے واپس بھیجا گیا تو وہ خطرے کا شکار ہوسکتے ہیں۔

 رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ پناہ گزین اقلیتوں میں سے ہو سکتے ہیں یا انہیں دیگر مسائل لاحق ہوسکتے ہیں۔

ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلیپو گرانڈی کا کہنا تھا کہ مستقبل خطروں اور غیر یقینیوں سے بھرا ہوا ہے لیکن یہ ضروری تھا کہ ‘ہم آگے بڑھنے اور افغانستان اور خطے کو تباہی سے بچانے کے لیے بین الاقوامی برادری میں طالبان کے ساتھ بات چیت جاری رکھیں ‘۔

انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی کوئی بڑے پیمانے پر آمد نہیں ہوئی البتہ کچھ افغان پاکستان آئے تھے اور ان کی مخصوص ضروریات ہوسکتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کی پوزیشن کو پوری طرح سمجھتے ہیں جس میں گزشتہ 40 برسوں سے بہت سے مہاجرین موجود ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے عہدیدار نے کہا کہ پاکستان پناہ گزینوں کے بارے میں بہت محتاط ہے اور یہ جاننے کے لیے بہت محتاط رہنا چاہتا ہے کہ ملک میں کون داخل ہو رہا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ افغانستان میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور اگر یو این ایچ سی آر کو مناسب مدد اور وسائل فراہم کیے گئے تو ادارہ انسانی فلاحی امداد میں اضافہ کرسکے گا۔

Back to top button