بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

اسرائیلی اور فلسطینی گروپس کے درمیان پرتشدد واقعات

مظاہرین کے درمیان رمضان میں ہونے والے تنازع کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے

بیت المقدس (یروشلم) میں گزشتہ رات اسرائیلی اور فلسطینی گروپس کے درمیان پرتشدد واقعات کے بعد اسرائیلی پولیس نے 50 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جبکہ واقعات میں 100 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق فلسطینی طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان رمضان میں ہونے والے تنازع کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

جمعرات کی رات سے جمعے کی صبح تک پولیس نے فلسطینی اور اسرائیلی مظاہرین کے درمیان تصادم روکنے اور انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔فلسطیی مظاہرین نے کچرے کو آگ لگا دی جبکہ اسرائیلی مظاہرین نے عربوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

فلسطینی مظاہرین یروشلم کے تاریخی دمشق گیٹ پر جمع تھے جبکہ اسرائیلی مظاہرین ان سے چند سو میٹر کے فاصلے پر موجود تھے اور انہیں منتشر کرنے کے لیے پولیس نے پانی کی توپ کے ساتھ ساتھ راستے میں بکتر بند گاڑیاں بھی کھڑی کردی تھیں۔رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کے مہینے کے آغاز کے ساتھ ہی فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے مابین جھڑپوں اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔

فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ پولیس نے انہیں شہر کے شمال میں واقع تاریخی مقام اور فلسطینیوں کی رہائش گاہ سے متصل جفہ پر رمضان کی شام میں معمول کے مطابق اجتماع کے انعقاد سے روکنے کی کوشش کی۔

Back to top button