بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مسلم لیگ(ن) سے نکالے گئے سینئر رہنما نہال ہاشمی کی پارٹی رکنیت بحال

دھمکی آمیز تقریر اور پارٹی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مسلم لیگ(ن) سے نکالے گئے سینئر رہنما نہال ہاشمی کی پارٹی رکنیت بحال کردی گئی۔نہال ہاشمی نے پارٹی قیادت کو پارٹی ڈسپلن و قواعد کی پاسداری کا حلف نامہ جمع کرایا اور بیان حلفی جمع کرانے کے بعد نہال ہاشمی کی پارٹی رکنیت بحال کی گئی۔

مسلم لیگ(ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے نہال ہاشمی کی رکنیت بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔مسلم لیگ (ن) کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ نہال ہاشمی کی جانب سے پارٹی ڈسپلن کی آئندہ خلاف ورزی نہ کرنے پر ان کی رکنیت فوری بحال کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ جون 2017 میں اس وقت کی حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی انضباطی کمیٹی کی سفارش پر دھمکی آمیز تقریر کے معاملے پر سینیٹر نہال ہاشمی کو پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔31 مئی 2017 کو نہال ہاشمی کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی، جس میں اپنی جذباتی تقریر کے دوران لیگی سینیٹر دھمکی دیتے نظر آئے تھے کہ ‘پاکستان کے منتخب وزیراعظم سے حساب مانگنے والوں کے لیے زمین تنگ کردی جائے گی’۔

ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے جوش خطابت میں کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ حساب لینے والے کل ریٹائر ہوجائیں گے اور ہم ان کا یوم حساب بنادیں گے۔ویڈیو میں نہال ہاشمی کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے،’اور سن لو جو حساب ہم سے لے رہے ہو، وہ تو نواز شریف کا بیٹا ہے، ہم نواز شریف کے کارکن ہیں، حساب لینے والو! ہم تمھارا یوم حساب بنا دیں گے’۔

Back to top button