بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

مقبوضہ کشمیر:شوپیان میں 17گھنٹے طویل معرکہ، تین شہید مارٹر شیلنگ سے کئی مکان تباہ، پلوامہ اور بڈگام میں آپریشنز

سرینگر(ساوتھ ایشین وائر)

مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیان میلہورہ زینہ پورہ گائوں میں منگل کو 7روز کے دوران دوسرے 17گھنٹے طویل معرکے میں جھڑپ میں 3عسکریت پسند غازی ابراہیم ، برہان کوکا اور ناصر بھٹ شہید ہو گئے۔ جبکہ فوج اور پولیس کے 2اہلکار زخمی ہوئے جبکہ ایک جواں سال خاتون شہنواز بانو زوجہ فاروق احمد کوکابھی دونوں ٹانگوں میں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئیں اور ایک نوجوان پیلٹ لگنے سے زخمی ہوا۔ مظاہرین اور پولیس کے درمیان پر تشدد جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مذکورہ گائوں میں 22اپریل کو اسی طرح کی ایک جھڑپ میں 4نوجوان شہید ہوئے تھے۔

منگل کی سہ پہرآپریشن شروع ہوتے ہی ضلع شوپیان اور پلوامہ میں انٹر نیٹ سروسز معطل کی گئیں ۔میلہورا شوپیاں میں آپریشن میں شہید ہونے والے 2افراد کی لاشیں برآمدکرلی گئی ہیں جبکہ تیسری کی تلاش کے لئے آپریشن صبح نو بجے تک جاری تھا۔

ساوتھ ایشین وائر کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ انہیں میلہورہ زینہ پورہ گائوں میں 4سے 5عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملی، جن میں انصار غزوة الہند کے ڈپٹی کمانڈر ابوبکر برہان کوکا بھی شامل ہیں، جس کے بعد55آر آر اور178بٹالین سی آر پی ایف کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔

پولیس نے بتایا کہ سہ پہر چار بجے کے قریب گائوں کا محاصرہ کیا گیا اور سبھی ممکنہ راستوں کو بند کر کے تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔انہوں نے کہا کہ جب فورسز اہلکار مشتبہ مکان کے نزدیک پہنچ گئے تو طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جو رات 2بجے تک جاری رہا۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ فورسز نے مکان پر مارٹر شیلنگ بھی کی جس سے زوردار دھماکے ہوئے اور خوف و ہراس پھیل گیا۔افطاری کے وقت فائرنگ کا سلسلہ کچھ منٹ کیلئے تھم گیا لیکن رات 8بجے کے بعد ایک بار پھر شدید لڑائی شروع ہوئی جو دس بجے تک جاری رہی۔

کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی معرکہ آرائی رات 2بجے کے بعد تک جاری رہی۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق کئی رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا۔ القمرآن لائن کے مطابق میلہورہ گائوں میں ہی 22اپریل کو مسلح جھڑپ ہوئی تھی جس میں 4عسکریت پسند شہید ہوئے تھے۔ماہ رمضان کے چار روز میں لگاتار جھڑپیں ہوئی ہیں۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ جونہی مسلح جھڑپ شروع ہوئی تو مقام جھڑپ کے نزدیک سینکڑوں لوگ آنے کی کوشش کرنے لگے اور جب انہیں روکا گیا تو وہ مشتعل ہوئے اور تشدد پر اتر آئے۔ پتھرائو کرنے والے مظاہرین کو منتشرکرنے کے لئے پولیس نے آنسو گیس کے گولے داغے اور جب مظاہرین نے پتھرائو میں شدت کی تو پیلٹ کا استعمال کیا گیا جس کے دوران آصف احمد ولد نثار احمد ساکن وچی زخمی ہوا۔ مقبوضہ کشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے بیروہ علاقے میں منگل کو فورسز اور پولیس اہلکار بونہ محلہ میں نمودار ہوئے اور پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشیاں شروع کیں۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد علاقے کا محاصرہ کیا گیا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ فورسز نے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا گیاپلوامہ کے لرو کاکا پورہ نامی گائوں میں پولیس اور فوج نے ایک مکان کے کچن میں بنائی گئی کمین گاہ تباہ کردی ۔فورسز نے مالک مکان سمیت 3 افراد کو گرفتارکرلیا۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق گائوں کو فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی نے سوموار اور منگل کی درمیانی رات محاصرے میںلیا اور اس دوران ہوائی فائرنگ کی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے سحری سے قبل گائوں میں تین دھماکوں کی آواز بھی سنی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فورسز نے عبد القیوم ڈار کے مکان کے صحن میںتعمیر کئے گئے کچن کے اندر بنائی گئی کمین گاہ کو تباہ کیا ۔ کمین گاہ سے کچھ کھانے پینے کے اشیا بھی برآمد کی گئی ۔ فورسز نے مالک مکان عبد القیوم ڈارکے علاوہ ان کے 2پڑوسیوں مشتاق احمد اور عبد الحمید کو گرفتار ی کرلیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا چار بجے 3زور دار دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں پورے علاقے میں سراسیمگی پھیل گئی۔

Leave a Reply

Back to top button