بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

احد خان چیمہ کا نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ نے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول کو مزید بہتر بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے لیے ریجنل نائب صدر عماد این فخوری سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات میں وفاقی وزیر نے طویل المدتی ہاؤسنگ فنانس کو مضبوط بنانے، کم لاگت رہائشی سہولیات تک عوام کی رسائی بڑھانے اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ ڈویلپرز کو مالی معاونت فراہم کرنے میں آئی ایف سی کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

زرعی شعبے میں تعاون کے حوالے سے جدید گوداموں کی تعمیر، ویلیو چین فنانسنگ اور الیکٹرانک ویئر ہاؤس رسیدوں کے نظام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس کا مقصد کسانوں کے لیے مالی وسائل تک رسائی آسان بنانا ہے۔

وفاقی وزیر احد خان چیمہ نے مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایم ایس ایم ایز) کے لیے مالی سہولیات تک رسائی بڑھانے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ مالی معاونت کے ثمرات کاروباری اداروں تک عملی طور پر پہنچنے چاہئیں تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کیے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button