
پاکستان کسٹمز کی اسمگلنگ کی متعدد کوششیں ناکام، منشیات، ایرانی ڈیزل اور غیر قانونی سامان ضبط
پاکستان کسٹمز نے کسٹمز انفورسمنٹ گڈانی اور حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران اسمگلنگ کی متعدد کوششیں ناکام بنا دیں۔ کارروائیوں میں منشیات، اسمگل شدہ پیٹرولیم مصنوعات، غیر قانونی اشیا اور گاڑیاں ضبط کر لی گئیں۔
انسداد منشیات کی ایک بڑی کارروائی میں کسٹمز انفورسمنٹ گڈانی کے ڈیجیٹل انفورسمنٹ یونٹ (ڈی ای یو) خضدار نے تقریباً 2 کلوگرام مشتبہ آئس (میتھ ایمفیٹامین) ضبط کر لی، جس کی عالمی منڈی میں تخمینہ شدہ مالیت 13 کروڑ 66 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
دوسری جانب کسٹمز انفورسمنٹ حیدرآباد نے اسمگلنگ کے خلاف 6 مختلف کارروائیاں کیں، جن کے دوران تقریباً 42 ہزار 900 لیٹر اسمگل شدہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی)، بھارتی ساختہ سفینہ برانڈ گٹکے کے 5 ہزار پیکٹوں پر مشتمل 100 بوریاں، ایک نان کسٹم پیڈ (این سی پی) گاڑی اور اسمگلنگ میں استعمال ہونے والے 3 آئل ٹینکرز ضبط کیے گئے۔
ان چھ کارروائیوں میں ضبط شدہ سامان اور گاڑیوں کی مجموعی تخمینہ شدہ مالیت تقریباً 7 کروڑ 86 لاکھ 80 ہزار روپے ہے۔
کسٹمز کے انسداد اسمگلنگ عملے نے ایک وفاقی حساس ادارے کے تعاون سے لاڑکانہ میں ایک ٹرک کو روکا، جس میں تقریباً 30 ہزار لیٹر اسمگل شدہ ہائی اسپیڈ ڈیزل موجود تھا۔
اسی طرح بدین میں ایک آئل ٹینکر کے خلاف کارروائی کے دوران بھارتی ساختہ سفینہ برانڈ گٹکے کے تقریباً 5 ہزار پیکٹ برآمد کیے گئے، جو ٹینکر کے اندر خصوصی طور پر بنائے گئے خفیہ خانوں میں چھپائے گئے تھے۔
ایک اور کارروائی میں شہید بینظیر آباد میں دو آئل ٹینکرز کو روکا گیا، جن میں تقریباً 13 ہزار لیٹر غیر ملکی اسمگل شدہ ہائی اسپیڈ ڈیزل موجود تھا۔
کسٹمز حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں تاکہ غیر قانونی تجارت کی روک تھام اور قومی معیشت کو نقصان سے بچایا جا سکے۔














