بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

حکومت کا ایس ایم ای شعبے اور نئے برآمد کنندگان کے لیے 300 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے (ایس ایم ایز) کسی بھی ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، ان کی برآمدات میں سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اسلام آباد میں ایس ایم ای برآمد کنندگان کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملاقات کا بنیادی مقصد پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے برآمدات کو آسان بنانا ہے۔

شہباز شریف نے ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور چھوٹے کاروباروں کی سہولت کے لیے ضلعی سطح پر ایس ایم ای سہولت مراکز قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ انہوں نے لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں ابتدائی طور پر پائلٹ سہولت مراکز قائم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پائلٹ منصوبے کی کامیابی کے بعد ان مراکز کا دائرہ کار بتدریج تمام اضلاع تک بڑھایا جائے گا تاکہ عوام میں کاروبار شروع کرنے سے متعلق آگاہی پیدا کی جا سکے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو جلد از جلد قابلِ تلف اشیا کی برآمدات میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پائیدار کولڈ اسٹوریج نظام قائم کرنے کا جامع منصوبہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت ایس ایم ای شعبے اور نئے برآمد کنندگان کے لیے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ رقم خصوصی طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے مختص ہوگی، جبکہ ایکسپورٹ امپورٹ بینک (ایگزم بینک) اس حوالے سے سرکلر بھی جاری کر چکا ہے۔

شہباز شریف نے مزید بتایا کہ پاکستانی برآمدات کے فروغ اور مقامی صنعتوں کو عالمی برآمدی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

ملاقات کے دوران وفد نے ایس ایم ای شعبے کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا اور اس شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔

وزیراعظم نے وفد کی جانب سے پیش کردہ قابلِ عمل تجاویز کا جائزہ لینے اور ان پر عمل درآمد کے لیے سفارشات مرتب کرکے رپورٹ پیش کرنے کی غرض سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button