
پاکستان کاروبار کے لیے کھلا ہے، امریکی ناظم الامورکی منرلز انویسٹمنٹ فورم کے موقع پر گفتگو
امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر (Natalie A. Baker) نے پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات کو سراہتے ہوئے ملک کو “کاروبار کے لیے کھلا” قرار دیا ہے اور امریکی کمپنیوں کے لیے تجارتی مواقع کی نشاندہی کی ہے۔
اسلام آباد میں دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 (PMIF26) کے موقع پر نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے نیٹلی بیکر نے اس بات پر زور دیا کہ ملک ایک بڑی معاشی تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “پاکستان کاروبار کے لیے کھلا ہے، یہ واقعی معاشی تبدیلی کا وقت ہے۔”
خطے میں بڑھتی ہوئی امریکی تجارتی دلچسپی کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “امریکی کمپنیاں اپنی مصنوعات اور خدمات فروخت کرنا چاہتی ہیں،” اور مزید کہا کہ پاکستان کے اہم شعبوں میں کاروبار کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
امریکی ناظم الامور نے کاروباری روابط کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے ابھرتے ہوئے مواقع سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے دوطرفہ تجارتی وفود کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے سرمایہ کار دوست ماحول پیدا کرنے کے لیے کان کنی کے مقامات پر سیکیورٹی مضبوط بنانے اور ملک بھر میں پالیسیوں میں ہم آہنگی لانے کے حوالے سے پاکستانی قیادت کے عزم کو بھی سراہا۔
واضح رہے کہ 12 سے 13 نومبر تک منعقد ہونے والے تیسرے سالانہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں 60 سے زائد ممالک کے مندوبین شریک ہیں، جس کا مقصد پاکستان کے اہم معدنی ذخائر کو دنیا کے سامنے لانا اور بین الاقوامی سطح پر کان کنی کے شعبے میں شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔















