
پاکستان اور ایران کا علاقائی امن و سلامتی کے لیے قریبی تعاون پر اتفاق
پاکستان اور ایران نے خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ترکیہ کے شہر انطالیہ میں کوپ 31 (COP31) سربراہی اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ اور قریبی تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے طویل عرصے سے جاری تنازع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات، تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی روابط ضروری ہیں۔
انہوں نے جون 2026ء میں طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت ہونے والی مفاہمتوں پر عمل درآمد آگے بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایران کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی حمایت اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب پر مبنی قرار دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون مزید گہرا کرنے کی تہران کی خواہش کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے باقاعدہ مشاورت اور قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، سینیٹر شیری رحمان اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔















