بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

کل ملک بھر میں شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 149واں یومِ پیدائش عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان اور عظیم فلسفی ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 149واں یومِ پیدائش کل 9 نومبر کو ملک بھر میں عقیدت و احترام اور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ وفاقی حکومت یوم اقبال کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

اس موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات، سیمینارز، مشاعروں اور خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں علامہ اقبال کی علمی، ادبی، فکری اور قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔

ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی شاعری اور فلسفے کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، خودداری، اتحاد، عمل اور آزادی کا شعور بیدار کیا۔

علامہ اقبال نے اپنی فکر اور شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو ایک الگ قومی تشخص اور آزاد وطن کے تصور کی جانب متوجہ کیا۔ ان کے خطبہ الٰہ آباد 1930 کو برصغیر کے مسلمانوں کی سیاسی تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔

اقبال کا فلسفہ خودی، نوجوانوں کو شاہین سے تشبیہ دینا اور انہیں بلند مقاصد کے حصول کا درس دینا آج بھی ان کی فکر کا نمایاں پہلو ہے۔

ان کی شہرہ آفاق تصانیف میں بانگِ درا، بالِ جبریل، ضربِ کلیم، اسرارِ خودی اور پیامِ مشرق شامل ہیں۔

علامہ اقبال 21 اپریل 1938 کو انتقال کر گئے، تاہم ان کا فکری اور ادبی ورثہ آج بھی پاکستان سمیت دنیا بھر میں اردو اور فارسی ادب کے قارئین کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔

یومِ اقبال کے موقع پر قوم اس عظیم شاعر اور مفکر کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے پیغامِ خودی، اتحاد، عمل اور خودداری کو اپنی زندگیوں میں اپنانے کے عزم کا اعادہ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button