
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی، شمالی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان
پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح مختلف بڑے شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جس کے مطابق اسلام آباد میں 12، لاہور میں 17، کراچی میں 24، پشاور میں 14، کوئٹہ اور مری میں 8، گلگت میں 4 جبکہ مظفرآباد میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی سرد اور خشک موسم متوقع ہے۔ سری نگر، لیہہ، پلوامہ، اننت ناگ، شوپیاں اور بارہمولہ میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ جموں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق سری نگر، پلوامہ اور بارہمولہ میں 4، جموں میں 15، لیہہ میں منفی 3 جبکہ اننت ناگ اور شوپیاں میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے مجموعی طور پر ملک کے بیشتر حصوں میں خشک موسم جبکہ شمالی علاقوں میں سردی برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔















