
پاکستان سوڈان کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سوڈان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات، بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
وہ اسلام آباد میں سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابیکر سمرا مصطفیٰ علی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے سوڈانی وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سوڈان کے درمیان زراعت، دفاع، تعلیم اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سوڈان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور خواہش رکھتا ہے کہ سوڈان موجودہ بحران سے نکل کر ایک پُرامن، مستحکم اور خوشحال ملک بن کر ابھرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، جی 77 اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر سوڈان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ملاقات کے دوران سوڈان کے وزیر داخلہ نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مشکل حالات میں سوڈان کے لیے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے فراہم کی جانے والی انسانی ہمدردی اور طبی امداد پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔
سوڈانی وزیر داخلہ نے عالمی فورمز پر سوڈان میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے پاکستان کی حمایت کو سراہا اور علاقائی امن و ثالثی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی۔















