
پاکستان ریلوے نے اپنی اراضی پر غیر قانونی قبضوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنا لی ہے، وزیر ریلوے
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے نے اپنی اراضی پر غیر قانونی قبضوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنا لی ہے۔
آج سینیٹ کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ ریلوے کی زمین پر قبضے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف مجموعی طور پر 174 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران اربوں روپے مالیت کی ریلوے اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔
حنیف عباسی نے راولپنڈی، لاہور اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں ریلوے اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی ایوان کو آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے بتایا کہ ریلوے انجنوں کی اوورہالنگ کا عمل جاری ہے، جو آئندہ سال 23 مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران ایک اور سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومتی اشتہارات ایک متعین عوامی مفاد کے مقصد کے تحت جاری کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان اشتہارات کا مقصد شہریوں کو حکومتی پالیسیوں، پروگراموں اور اقدامات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے قومی بیانیے اور مفادات کو اجاگر کرنا بھی ہے۔















