
وزیراعظم شہباز شریف کی اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں اصلاحات فوری نافذ کرنے کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے تمام سرکاری اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے، نصاب، اساتذہ کی تربیت اور دیگر شعبوں میں اصلاحات فوری نافذ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے وفاقی نظامتِ تعلیم کو ایک مؤثر اور فعال ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے حکمتِ عملی مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے سے متعلق تمام مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں، کیونکہ طلبہ کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے طلبہ کی مناسب غذائیت یقینی بنانے کے لیے اسکولوں میں مفت کھانا فراہم کرنے کا پروگرام فعال کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم نے وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کو ہدایت کی کہ اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں کو درپیش مسائل ایک ہفتے کے اندر حل کیے جائیں۔
شہباز شریف نے مزید ہدایت کی کہ سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی بھرتیاں مکمل طور پر میرٹ پر کی جائیں۔ انہوں نے اسکولوں میں شمسی توانائی کے استعمال کو فروغ دینے، جسمانی معذوری کے حامل طلبہ کے لیے ریمپ تعمیر کرنے اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے بیشتر سرکاری اسکولوں میں انٹرنیٹ کی سہولت، صاف پینے کا پانی، کمپیوٹر لیبارٹریاں اور دیگر بنیادی سہولیات دستیاب ہیں۔















