بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

اورنگزیب کا برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی کے عزم کا اعادہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں ’’جدید اور ترقی دوست ٹیکس نظام کے لیے اصلاحات‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور حکومت اسے ترقی و تنزلی کے بار بار آنے والے چکر میں واپس نہیں جانے دے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مالیاتی خسارہ 22 سال کی کم ترین سطح پر ہے، جبکہ مسلسل تین سال سے بنیادی بجٹ سرپلس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 8.8 فیصد سے بڑھ کر 10.3 فیصد ہوگئی ہے، جبکہ گزشتہ دو مالی سال کے دوران ٹیکس آمدن میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات حکومت کے ساختی اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ توانائی کے شعبے، سرکاری اداروں، نجکاری، سرکاری مالیات، پنشن اور ٹیرف کے شعبوں میں بھی اصلاحات کی جا رہی ہیں۔

وزیر خزانہ کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، جو تقریباً تین ماہ کی درآمدات کے لیے کافی ہیں۔

اس موقع پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے شعبے کے ڈائریکٹر جہاد ازور نے کہا کہ پاکستان نے معاشی استحکام، اعتماد کی بحالی اور بیرونی مالیاتی تحفظات مضبوط بنانے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب اگلا مرحلہ معاشی استحکام کو مضبوط اور پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنا ہے۔ آئی ایم ایف پاکستان میں پیداواری صلاحیت بڑھانے اور نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کے لیے معاونت جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button