
پرنس رحیم آغا خان کی وزیراعظم شہباز شریف کی امن کے لیے کوششوں کی تعریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 81ویں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر نیویارک میں پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ اور مثبت تعلقات برقرار رکھنے کے عزم پر پرنس رحیم آغا خان کا شکریہ ادا کیا اور امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اسماعیلی برادری کی دیرینہ خدمات کو سراہا۔ انہوں نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک سے وابستہ اداروں کی مالی شمولیت، سیاحت کے فروغ، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور کمیونٹی کی بنیاد پر معاشی بااختیاری کے لیے خدمات کو بھی سراہا۔
پرنس رحیم آغا خان نے وزیراعظم کے خیرسگالی کے جذبات کو سراہتے ہوئے خطے میں امن اور استحکام کے لیے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے صحت، تعلیم، موسمیاتی لچک اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی سمیت انسانی ترقی کے مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے اور اسے وسعت دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔















