
صدر مملکت کا پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر زور
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے، خصوصاً پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، غربت کے خاتمے، تعلیم اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
صدر مملکت نے یہ بات پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے آج بدھ کو اسلام آباد میں ان سے الوداعی ملاقات کی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے ساتھ قریبی اور کثیرالجہتی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور قومی ترقیاتی ترجیحات کے حصول کے لیے اقوام متحدہ کی کنٹری ٹیم کے ساتھ کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
صدر نے پولیو کے خاتمے کی کوششوں سمیت ماں، نوزائیدہ اور بچوں کی صحت اور غذائیت کے لیے اقوام متحدہ کی مسلسل حمایت کو سراہا، جس میں بینظیر نشوونما پروگرام بھی شامل ہے۔
انہوں نے اوچا (OCHA) کے بین الاقوامی انسانی امداد کو مربوط کرنے اور موسمیاتی آفات کے دوران پاکستان کی معاونت میں کردار کو بھی سراہا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اوچا کے ساتھ مسلسل تعاون کو اہمیت دیتا ہے تاکہ قومی نظام کو مزید مضبوط اور حکومت کی زیر قیادت آفات سے نمٹنے کے ردعمل کو تقویت دی جا سکے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے Living Indus Initiative اور Recharge Pakistan سمیت مختلف اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ پاکستان کی ترقی اور موسمیاتی فنانس کے حصول کی کوششوں میں مسلسل تعاون جاری رکھے گا۔
انہوں نے UN Sustainable Development Cooperation Framework 2023-27 کے تحت پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان مزید پیش رفت کے حوالے سے بھی اعتماد کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران محمد یحییٰ نے صدر کو بتایا کہ انہیں Office for the Coordination of Humanitarian Affairs (OCHA) میں اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے اور وہ آئندہ ماہ نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کی توقع رکھتے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے محمد یحییٰ کو نئی ذمہ داری پر مبارکباد دی، نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔















