
او آئی سی سربراہ کا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طٰہٰ نے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایک بیان میں او آئی سی سیکریٹری جنرل نے اس اہم تزویراتی اقدام کو سراہتے ہوئے اس کی حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ تینوں ممالک کے علاقائی اور عالمی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
حسین ابراہیم طٰہٰ نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے اور مسلم دنیا میں سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک بنیادی ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق یہ بڑھتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے اور رکن ممالک کے درمیان یکجہتی اور تعمیری شراکت داری کے اصولوں کو مزید مستحکم کرتا ہے۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ بالخصوص خطے اور مجموعی طور پر عالمی برادری کے لیے امن اور خوشحالی کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔
دریں اثنا بحرین نے بھی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کیا ہے۔ بحرین نے اسے مساوی شراکت داروں کے درمیان ایک تزویراتی شراکت داری قرار دیا، جو علاقائی اور عالمی استحکام کے تحفظ کے مشترکہ عزم اور قابلِ اعتماد دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے کی بنیاد پر قائم ہے۔
بحرین کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں تینوں ممالک کی مضبوط دفاعی صلاحیتوں، عسکری تجربے اور علاقائی سلامتی میں ان کے کردار کو اجاگر کیا۔















