
پاکستان اور کویت کا توانائی کے شعبے میں تعاون مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ
وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اور کویت کے درمیان توانائی کے شعبے میں دیرینہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں کویت فارن پیٹرولیم ایکسپلوریشن کمپنی (KUFPEC) کے نائب صدر برائے آپریشنز طارق ابراہیم سے ملاقات کے دوران کہی۔
ملاقات میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور تیل و گیس کے منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول مہیا کرنے کے اقدامات جاری رکھے گا۔
اس موقع پر طارق ابراہیم نے کہا کہ KUFPEC پاکستان کے اپ اسٹریم تیل و گیس کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے رہی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔















