بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اوورسیز پاکستانی قیمتی سرمایہ ہیں، ان کے فلاحی منصوبوں پر کام تیز کیا جائے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری منصوبوں اور اقدامات پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔

یہ ہدایات انہوں نے اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین سید قمر رضا اور منیجنگ ڈائریکٹر محمد افضل بھٹی سے ملاقات کے دوران جاری کیں۔

ملاقات میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی جانب سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کیے گئے مختلف اقدامات اور جاری منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو اپنی محنت کی کمائی وطن بھیج کر قومی معیشت کو مضبوط بنانے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بیرونِ ملک پاکستانیوں کو مزید سہولیات اور فلاحی خدمات فراہم کرنے کے لیے مستقبل کے منصوبوں اور مجوزہ اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر نے عالمی امن کے فروغ کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی مسلسل کاوشوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کو مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک جامع اور مؤثر منصوبہ تیار کرکے پیش کیا جائے۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button