
غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور انسانی بحران پر پاکستان کا اظہارِ تشویش
پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں اور سنگین انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غزہ کی انسانی صورتحال سے متعلق ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا کہ امن کے لیے کی جانے والی کوششیں، اقوام متحدہ اور بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کی سرگرمیاں، سب قابض حکام کے غیر قانونی اقدامات کے باعث متاثر ہو رہی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ غزہ میں فوری، بلا تعطل اور غیر محدود انسانی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ رفح کراسنگ سمیت تمام سرحدی گزرگاہوں کو امدادی سامان، تجارتی اشیاء اور طبی انخلا کے لیے مکمل طور پر کھلا اور فعال رکھا جانا چاہیے۔
پاکستانی مندوب نے غزہ کی ناکہ بندی فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انسانی امداد فراہم کرنے والے کارکنوں اور طبی عملے پر حملے فوری بند کیے جائیں اور کسی بھی غیر قانونی حراست کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔
عاصم افتخار احمد نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ کے متاثرہ عوام کو فوری امداد کی فراہمی اور بین الاقوامی انسانی قوانین کا احترام موجودہ بحران کے حل کے لیے ناگزیر ہے۔















