
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار مصر میں ہونے والے آر-4 ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کرینگے
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کی دعوت پر آر-4 گروپ کے وزرائے خارجہ کے چوتھے اجلاس میں شرکت کریں گے، جو اتوار کے روز قاہرہ میں منعقد ہوگا۔
اجلاس میں مصر، سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے اور خطے کی موجودہ صورتحال، امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وزرائے خارجہ گزشتہ آر-4 اجلاسوں کے فیصلوں اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی غور کریں گے۔
دورہ مصر کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اپنے مصری ہم منصب ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے دوطرفہ ملاقات کریں گے جبکہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
ملاقاتوں میں پاکستان اور مصر کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے، علاقائی اور عالمی امور پر مشاورت اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ آر-4 فریم ورک شریک ممالک کے درمیان مشاورت، تعاون اور علاقائی امن و خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔















