
انڈر 18 ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ، پاکستان نے ملائیشیا کو شکست دیکر کانسی کا تمغہ جیت لیا
ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیرِ اہتمام انڈر 18 ایشیا کپ 2026 میں پاکستان نے تیسری پوزیشن کے میچ میں ملائیشیا کو 0-3 سے شکست دے کرکانسی کا تمغہ حاصل کر لیا۔
جاپان کے شہر کاکامیگاہارا میں 29 مئی سے 6 جون تک جاری ٹورنامنٹ کے تیسرے اور چوتھے پوزیشن کے میچ میں قومی انڈر 18 ہاکی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ملائیشیا کو کوئی گول کرنے کا موقع نہ دیا۔
پاکستان کی جانب سے پہلا گول میچ کے ابتدائی لمحات میں عزیر احمد نے پینلٹی کارنر پر کیا۔ دوسرا گول 23ویں منٹ میں آسام حیدر نے پینلٹی اسٹروک کے ذریعے اسکور کیا، جبکہ تیسرا اور آخری گول عدیل نے میچ کے اختتامی لمحات میں کر کے پاکستان کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔
ملائیشیا کی ٹیم پورے میچ کے دوران پاکستانی دفاع کو توڑنے میں ناکام رہی اور مقررہ وقت تک کوئی گول اسکور نہ کر سکی۔
پاکستان کے عدیل کو شاندار کارکردگی پر "پلیئر آف دی میچ” قرار دیا گیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی انڈر 18 ٹیم کو ایشیا کپ میں تیسری پوزیشن اور برونز میڈل حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ نوجوان کھلاڑی مستقبل میں پاکستان ہاکی کا نام مزید روشن کریں گے اور بین الاقوامی سطح پر ملک کے لیے اعزازات حاصل کریں گے۔















