بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

تمام کھلاڑیوں کو تربیت کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں کھیلوں کے ماضی کے سنہری دور کی بحالی کے لیے جلد اسپورٹس کانفرنس بلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام کھلاڑیوں کو بلاامتیاز تربیت کے یکساں مواقع اور ضروری وسائل فراہم کرنا ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے ایشین گیمز میں تمغے جیتنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ اسپورٹس کانفرنس میں کھیلوں کے حکام، سابق اور موجودہ کھلاڑی شرکت کریں گے اور پاکستان میں کھیلوں کے فروغ اور عالمی سطح پر ملک کا کھویا ہوا مقام بحال کرنے کے لیے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی کامیابیوں سے ملک کا نام روشن کیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ تاہم، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کھیلوں کے شعبے میں بہتری کی اب بھی وسیع گنجائش موجود ہے۔

وزیراعظم نے ہاکی، کرکٹ اور اسکواش سمیت مختلف کھیلوں میں پاکستان کی ماضی کی نمایاں کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں ملک نے عالمی سطح پر اپنی پہچان بنائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں ای اسپورٹس اور فٹ بال سمیت مختلف کھیلوں میں دلچسپی بڑھ رہی ہے، اس لیے کھیلوں کے تمام شعبوں کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

وزیراعظم نے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں معیاری تربیت و ضروری وسائل کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کے امتیاز کے بغیر تمام کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرنے کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔اس سے قبل وزیراعظم نے ایشین گیمز میں تمغے جیتنے والے پاکستانی کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button