
ملک بھر میں کل عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی
ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کل (بدھ کے روز) حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔
عید کے روز کا آغاز ملک بھر کی مساجد میں خصوصی دعاؤں سے ہوگا، جن میں امت مسلمہ کی فلاح و بہبود، اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے دعائیں کی جائیں گی۔
ملک کے تمام شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید کی نماز کے بڑے اجتماعات مساجد، عیدگاہوں اور کھلے مقامات پر منعقد کیے جائیں گے۔
علماء کرام عید کے خطبات میں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کے فلسفے اور اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی جائے گی۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
بلدیاتی اداروں کی جانب سے آلائشوں اور دیگر فضلہ جات کی بروقت تلفی کے لیے خصوصی انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔















