
سحاق ڈار آج نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اوپن ڈیبیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار آج نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اوپن ڈیبیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
یہ مباحثہ “بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد و اصولوں کے تحفظ اور اقوام متحدہ مرکز بین الاقوامی نظام کو مضبوط بنانے” کے موضوع پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کی صدارت رواں ماہ سلامتی کونسل کی صدارت رکھنے والے ملک چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی کریں گے۔
پاکستان نے چین کی اس بروقت پہل کا خیرمقدم کیا ہے جس کا مقصد کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینا اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کو مضبوط بنانا ہے۔
اسحاق ڈار گروپ آف فرینڈز آن گلوبل گورننس کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جس کا موضوع “گلوبل گورننس کی اصلاح اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ تعاون” ہے۔
نیویارک میں اپنے قیام کے دوران وہ مختلف ممالک کے ہم منصب وزراء اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔















