
پاکستان کا فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
یومِ نکبہ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت، آزادی اور وقار کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے 1948 کے واقعات کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجے میں لاکھوں فلسطینی اپنے گھروں اور زمینوں سے محروم ہوئے، اور ان کی مشکلات آج بھی جاری ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ فلسطینیوں کے لیے نکبہ محض تاریخ کا ایک باب نہیں بلکہ آج بھی قبضے، بے دخلی اور حقوق سے محرومی کی صورت میں ایک تلخ حقیقت ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی مہاجرین سمیت فلسطینی عوام کی مسلسل حمایت یقینی بنائے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی قرارداد 194 کے مطابق فلسطینی مہاجرین کے حقِ واپسی کو بھی پورا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں ایک خودمختار، آزاد، قابلِ عمل اور مربوط فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہرایا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو اور سرحدیں جون 1967 سے قبل کی ہوں۔
وزیر اعظم نے 1948 سے فلسطینی عوام کی مسلسل محرومی اور نقل مکانی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں پر ظلم، قبضے اور تشدد کا فوری خاتمہ ہونا چاہیے۔















