
اسلام آباد پولیس کا مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے لیے جامع پلان تشکیل
ڈپٹی انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس محمد جواد طارق نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر قائم مویشی منڈیوں کی سکیورٹی اور وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی روک تھام کے لیے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں کی حفاظت کے لیے پندرہ سو سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس نے پٹرولنگ یونٹس، کیپیٹل پٹرول اور متعلقہ تھانوں کو ہدایت کی کہ ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیاں مقررہ پارکنگ مقامات پر کھڑی کریں۔محمد جواد طارق نے خبردار کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منظور شدہ مقامات کے علاوہ کہیں اور مویشی منڈیاں قائم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔















