
جنوبی ایشیا میں پائیدار استحکام کے لیے تمام تنازعات کا پرامن حل ناگزیر ہے، عاصم افتخار
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار استحکام کے لیے تمام تنازعات کا پرامن حل ناگزیر ہے۔انہوں نے “معرکۂ حق” کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ واقعہ قومی طاقت اور حکمتِ عملی کی واضح مثال تھا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار ناقابلِ تسخیر اور مقدس ہیں۔
عاصم افتخار احمد نے مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے بلا اشتعال جارحیت کے خلاف جس جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور مثالی دفاع کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے، تاہم ایسا امن ممکن نہیں جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی، انکار یا یکطرفہ اقدامات پر مبنی ہو۔
پاکستانی مندوب نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا استحکام کے لیے تمام تنازعات، بالخصوص جموں و کشمیر کا مسئلہ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔















