بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا فائنل آج، پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین آمنے سامنے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کا فائنل آج رات قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں بابر اعظم کی قیادت میں پشاور زلمی اور مارنس لبوشین کی حیدرآباد کنگزمین ٹرافی کے حصول کے لیے مدِ مقابل ہوں گے۔ 44 میچوں پر مشتمل ایونٹ اپنے اختتام کو پہنچے گا۔

پشاور زلمی اس سیزن میں شاندار فارم میں رہی ہے، جہاں بابر اعظم کے ریکارڈ 588 رنز، کوشل مینڈس کے 541 رنز اور سفیان مقیم کی 21 وکٹوں کی بدولت ٹیم نے لیگ مرحلے میں 10 میں سے 8 میچز جیتے، جن میں مسلسل 7 فتوحات بھی شامل ہیں۔ زلمی نے 28 اپریل کو کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔تیز رفتار باؤلر ناہید رانا بھی اسکواڈ میں واپس آ گئے ہیں اور سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے، انہوں نے لیگ مرحلے میں 4 میچز میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری جانب حیدرآباد کنگزمین نے سیزن کا آغاز تین مسلسل شکستوں سے کیا، تاہم بعد میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے لگاتار چار میچز جیتے۔ ٹیم نے اپنے آخری لیگ میچ میں راولپنڈی کو 108 رنز سے شکست دے کر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو ایونٹ سے باہر کیا۔ کنگزمین نے ایلیمنیٹر 1 میں ملتان سلطانز کو ہرایا اور ایلیمنیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف دو رنز سے سنسنی خیز فتح حاصل کر کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ “ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔ ہماری توجہ کنڈیشنز کو سمجھ کر اپنی حکمت عملی پر عمل کرنے پر رہی۔ مقامی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی مشترکہ کاوش ٹیم کی کامیابی کی وجہ ہے۔ ہم کل بہترین کارکردگی دکھا کر ٹرافی جیتنے کی کوشش کریں گے۔”

حیدرآباد کنگزمین کے کپتان مارنس لبوشین نے کہا کہ “اس ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے ایک شاندار تجربہ رہا ہے۔ نشیب و فراز کھیل کا حصہ ہیں، لیکن یہی اسے دلچسپ بناتے ہیں۔ فائنل بھی ہمارے لیے ایک اور میچ ہے اور ہم اپنی حکمت عملی پر قائم رہیں گے۔”

یہ بھی پڑھیے

Back to top button