
ترکیہ پاکستان ریلوے کی جدید ٹیکنالوجی کا اہم اسٹریٹجک شراکت دار ہے، حنیف عباسی
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ترکیہ پاکستان ریلوے کی جدید کاری، صنعتی ترقی اور جدت کے فروغ میں ایک اہم اسٹریٹجک ٹیکنالوجی شراکت دار ہے۔
ترکیہ کے دورے کے دوران انہوں نے ملک کی سب سے بڑی سرکاری ریلوے مینوفیکچرنگ کمپنی TÜRASAS اور معروف دفاعی و ہائی ٹیکنالوجی کمپنی ASELSAN کا دورہ کیا۔
اس موقع پر محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی ڈیجیٹل تبدیلی، جدید ٹریفک مینجمنٹ، فائبر آپٹک کمیونیکیشن سسٹمز اور محفوظ ریلوے آپریشنز حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے پاکستان ریلوے کو زیادہ مؤثر، محفوظ اور مسابقتی نظام میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم ایل-1، ایم ایل-3 اور اسلام آباد-تہران-استنبول (آئی ٹی آئی) فریٹ کوریڈور جیسے منصوبوں کی کامیاب تکمیل کے لیے جدید ریلوے ٹیکنالوجی ناگزیر ہے۔
دورے کے دوران پاکستان ریلوے، TÜRASAS اور ASELSAN کے درمیان ٹیکنالوجی کی منتقلی، مشترکہ مینوفیکچرنگ اور ریلوے کے رولنگ اسٹاک کی جدید کاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے جدید سگنلنگ، ٹیلی کمیونیکیشن، سائبر سیکیورٹی اور خودکار ٹرین کنٹرول کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ کیرج فیکٹری اسلام آباد اور پاکستان ریلوے کی ورکشاپس کو جدید ٹیکنالوجی سے اپ گریڈ کرنے پر بھی بات چیت ہوئی۔
دونوں ممالک نے انجینئرز کی تربیت، تکنیکی مہارتوں کی منتقلی، تحقیق، سائبر سیکیورٹی اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔















